وزیراعظم اور صدر مملکت سے ایرانی سیکرٹری علی لاریجانی کی الگ الگ ملاقاتیں، دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

0
853

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ایرانی سیکرٹری علی لاریجانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور ایران کے تاریخی، قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر لاریجانی نے بھی پاکستان۔ایران تعلقات کو وسیع اور باہمی فائدے کے لیے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی صورتحال خصوصاً خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم نے ایران کے اصولی علاقائی موقف کو سراہا اور مشکل وقتوں میں پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ تجارت، زراعت، مواصلات اور رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

صدر آصف زرداری سے ملاقات

ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری نے ڈاکٹر علی لاریجانی کا خیرمقدم کیا اور انہیں سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ صدر نے ایران کی جانب سے حالیہ سیلابوں کے دوران اظہارِ یکجہتی اور انسانی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات تاریخ، عقیدے اور ثقافت میں گہرے ہیں۔ پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تجارت بڑھانے کا خواہاں ہے اور پاکستان۔ایران ریلوے لنک کو مضبوط بنانا تجارت و سیاحت میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے ایران۔پاکستان گیس پائپ لائن پر بھی پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کی توانائی ضروریات کا ذکر کیا۔ صدر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران ایران کی حمایت قابلِ قدر ہے، جبکہ پاکستان نے بھی اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں ایران کی سیاسی و سفارتی حمایت جاری رکھی۔

ڈاکٹر لاریجانی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی مسلح افواج کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی کامیابی ایران کی کامیابی ہے۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں خطے کی صورتحال، سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں ملاقاتوں میں پاکستان و ایران کی اعلیٰ قیادت اور حکام شریک تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا