وزیرِ بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور کچرا کنڈیوں کے خاتمے کو ناگزیر قرار دے دیا۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے صوبائی وزیر محنت و سماجی تحفظ سعید غنی کے ہمراہ جیل چورنگی پل کے نیچے قائم کچرا کنڈی کو فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کو ہدایت دی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے کچرا کنڈیوں کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں سے کچرا اٹھانے کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ کچرا کچرا کنڈیوں تک پہنچنے کے بجائے براہِ راست ٹھکانے لگایا جا سکے۔
شہید ملت روڈ کے دورے کے دوران وزیر بلدیات نے سڑکوں کی صفائی اور سوئپنگ کے معیار کو مزید بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دورے میں چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان سمیع، قائم مقام ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ غلام عباس میمن، ایگزیکٹو ڈائریکٹر احسن رضا اور دیگر افسران موجود تھے۔
ناصر حسین شاہ نے ملبہ اٹھانے کے لیے ضلع انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ ٹی ایم سیز کے باہمی تعاون سے حکمتِ عملی بنانے اور جگہ جگہ ملبہ پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی۔
علاوہ ازیں انہوں نے جی ٹی ایس امتیاز کا دورہ کیا اور وہاں کچرے میں سے قابلِ استعمال اشیاء چننے اور کچرے کو آگ لگانے کے واقعات روکنے کیلئے مربوط اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔






