کراچی میں رینجرز اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار

0
471

کراچی میں رینجرز اہلکار کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والا ملزم رینجرز اور انویسٹی گیشن پولیس کی مشترکہ کارروائی کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق خفیہ اطلاع پر سہراب گوٹھ میں کارروائی کی گئی جہاں مقابلے کے دوران ملزم عیسیٰ عرف بسم اللہ زخمی ہو کر گرفتار ہوا۔ ملزم نے کچھ عرصہ قبل سہراب گوٹھ میں رینجرز اہلکار ظہیر الدین عرف ڈاکٹر کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا تھا۔

گرفتار ملزم اپنے ساتھی سعید عرف طور خان کے ہمراہ سہراب گوٹھ، جمالی گوٹھ اور سپر ہائی وے کے اطراف متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

ترجمان کے مطابق رواں سال 30 مارچ کو چھٹی پر گھر آئے رینجرز اہلکار ظہیر الدین کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔ مقدمہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں سہراب گوٹھ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

مقدمے کی تفتیش کے لیے رینجرز اور پولیس کی مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ گزشتہ روز سہراب گوٹھ میں چھاپے کے دوران ملزمان نے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، تاہم جوابی کارروائی میں عیسیٰ عرف بسم اللہ زخمی حالت میں پکڑا گیا جبکہ اس کا ساتھی سعید عرف طور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے شریک ملزم کے ساتھ رینجرز اہلکار کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم کو اسلحہ سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا