راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی لاریجانی نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون، علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔ اس دوران پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا، جبکہ انسداد دہشتگردی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم ہے اور ایران کے ساتھ انسدادِ دہشتگردی تعاون میں اضافہ ناگزیر ہے۔
اس موقع پر علی لاریجانی نے کہا کہ پاکستان کا خطے کے امن و استحکام میں کردار انتہائی اہم ہے اور ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔






