راولپنڈی: اڈیالہ جیل حکام نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی صحت کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں موجود ہیں اور مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور افواہوں میں کوئی صداقت نہیں۔
پی ٹی آئی نے بھی عمران خان کی خیریت سے متعلق افواہوں پر شدید ردِ عمل ظاہر کیا۔ پارٹی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ افغانستان اور بھارتی میڈیا سے بانی کی صحت کے حوالے سے گھناؤنی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور وزارتِ داخلہ فوری طور پر ان افواہوں کی تردید کریں اور عمران خان کی فیملی کو ان سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے۔ شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ افواہیں پھیلانے والوں کی تحقیقات کر کے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، کیونکہ قوم اپنے قائد کے بارے میں کسی ابہام کو برداشت نہیں کرے گی۔






