پاکستان اور بحرین اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

0
404

منامہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے اور خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

منامہ میں کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات بردارانہ، ثقافتی، مذہبی اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور بحرین میں موجود پاکستانی مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دورے کا مقصد اقتصادی شعبوں میں پیشرفت ہے اور زراعت، آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھولے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مضبوط تعلقات کو معاشی تعاون میں تبدیل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی 15 سے 30 سال کے درمیان ہے، نوجوانوں کو آئی ٹی اور اے آئی کی تربیت دینا چاہتے ہیں تاکہ ملکی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بحرین کے پاس عالمی مہارت اور معاشی تجربہ ہے اور پاکستان بحرین کے ترقیاتی سفر سے سیکھنے اور تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے بحرین کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اور جی سی سی فری ٹریڈ ایگریمنٹ جلد حتمی مراحل میں داخل ہو جائے گا اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ “اگر تیزی سے جانا ہے تو اکیلے جائیں، دور جانا ہے تو مل کر چلیں”۔

اس موقع پر وزیراعظم نے بحرین کے عوام اور قیادت کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ بحرین کے وزیر خزانہ شیخ سلمان بن خلیفہ نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے رشتے تاریخ سے جڑے ہیں اور وزیراعظم پاکستان کی موجودگی ہمارے تعلقات کی تجدید ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا