اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں 17 سالہ عائشہ خان کو اس کے سابقہ منگیتر نے قتل کر دیا۔ مقتولہ دو ماہ قبل ضرار علی سے شادی شدہ تھی اور گولڑہ اسٹیشن، محلہ سکندر آباد کی رہائشی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزم عید محمد، جو مقتولہ کا سابقہ منگیتر بتایا جاتا ہے، شام تقریباً پانچ بجے گھر میں داخل ہوا اور تنہائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے متعدد وار کر کے عائشہ خان کو قتل کر دیا۔
واقعے کے بعد اہل خانہ موقع پر پہنچے اور لڑکی کی نعش اسپتال منتقل کر دی گئی۔ پولیس نے وقوعہ کی جگہ کو سیل کر کے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
اس افسوسناک واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔






