اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باخبر قیادت، قومی یکجہتی اور مربوط پالیسی سازی ضروری ہے۔
صدر مملکت نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے دورے کے دوران 27ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی اور شرکاء کو ورکشاپ کی کامیابی پر مبارکباد دی۔
ورکشاپ میں اراکین پارلیمنٹ، سینئر سول و ملٹری افسران، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد قومی طاقت کے مختلف عناصر کے باہمی تعلق اور جامع قومی سلامتی کے فریم ورک سے شرکاء کی فہم کو مزید گہرا کرنا تھا۔
صدر نے اختتامی تقریب میں گریجویٹ شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کیں اور شرکاء کی قومی سلامتی کے شعور کو مضبوط بنانے میں کاوشوں کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، نیشنل سکیورٹی ورکشاپ قومی سطح پر مکالمے اور ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کا پلیٹ فارم ہے اور یہ قومی سلامتی کے لیے مشترکہ حکمت عملی کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔






