اسلام آباد: مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی نے کہا ہے کہ پاکستان اور مصر کو مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے اور دونوں ممالک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
اسلام آباد میں پاکستان اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں معیشت، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران مصری وزیر خارجہ نے پاکستان میں شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد و پشاور میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی۔
ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے، جب کہ دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ کے دورۂ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اور مصر کے درمیان معیشت، دفاع اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری اور بھائی چارہ قائم ہے، جب کہ تجارت، سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات کا فروغ دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
قبل ازیں مصری وزیر خارجہ وزارتِ خارجہ پہنچے جہاں اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور بعدازاں فوٹو سیشن بھی ہوا۔





