اسلام آباد: کرغزستان کے صدر سادیر جاپروو 3 دسمبر کو اپنے پہلے دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ وہ یہ دورہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر کر رہے ہیں، جس کی دعوت 2022 میں ایس سی او اجلاس کے موقع پر دی گئی تھی۔
کرغز صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ جین بیک کلوبائیوو اور اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی پاکستان آئے گا۔ ذرائع کے مطابق کرغز ایڈوانس ٹیم پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔ دورے کے دوران سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں، متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور ایک مشترکہ پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔






