امریکی قونصل جنرل کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے اہم ملاقات، تجارت و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

0
530

پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں اہم ملاقات کی، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، معدنیات، توانائی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں انسدادِ دہشت گردی اور انسدادِ منشیات کے حوالے سے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ نے کہا کہ تجارتی سفارتکاری امریکی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ ان کے مطابق اقتصادی سفارتکاری کے فروغ سے خطے میں امن و استحکام کو تقویت ملے گی، جبکہ معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری اس تعاون کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا منرلز ایکٹ کے تحت مقامی آبادی کو سرمایہ کاری میں ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی نجی سرمایہ کاری کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جو مقامی لوگوں کو براہ راست فائدہ پہنچائے۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کو اولین ترجیح دیتی ہے اور سستی و صاف توانائی کے لیے چھوٹے پن بجلی گھروں اور ڈیموں پر کام جاری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا، اب حکومت انفرااسٹرکچر، اداروں کی مضبوطی اور استعداد کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ضم شدہ اضلاع میں موجود نایاب معدنی ذخائر سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچایا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا