کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں صحت کے شعبے میں ایسا مضبوط نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے جو عالمی معیار کے مطابق ہے۔
ایس آئی یو ٹی شاہراہ فیصل کے نئے بلاک کا افتتاح کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید طبی سہولیات سے آراستہ ایس آئی یو ٹی کا نیا کیمپس عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر ادیب رضوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، لاڑکانہ اور سکھر میں ان کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں، اور شہر کی تاریخ بھی اس منصوبے سے جڑی ہوئی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ فائیو سٹار ہوٹل کو فائیو سٹار صحت کی سہولت میں تبدیل کیا گیا، اور صوبائی سطح پر صحت کے شعبے کے مسائل پر بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اٹھارویں ترمیم سے پہلے اور بعد سرکاری ہسپتالوں کی حالت سب کے سامنے ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج این آئی سی وی ڈی دنیا کے سب سے بڑے دل کے امراض کے مفت علاج کا نیٹ ورک ہے، اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ایس آئی یو ٹی اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس تعاون پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بھی فنڈنگ میں حصہ لے رہے ہیں اور پورے صوبے میں صحت کا جال بچھایا گیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی کے ذریعے پاکستانیوں کو مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے، اور پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بدولت وہ کام بھی کیا جا رہا ہے جو ادارہ اکیلا نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا اور رحیم یار خان میں بھی ایس آئی یو ٹی قائم کیے جائیں گے اور جلد لاڑکانہ میں بھی منصوبہ شروع کیا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جدید سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے مہنگے علاج کو مفت عوام تک پہنچایا جا رہا ہے اور ہمارا مقصد غریب عوام کی مدد کرنا ہے۔





