راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان کے خلاف صادق آباد احتجاج کیس کی سماعت وکلاء کی ہڑتال کے باعث آگے نہیں بڑھ سکی اور عدالت نے کارروائی 8 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
علیمہ خان کے وکیل فیصل محمد ملک نے حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 15 اکتوبر کو فردِ جرم عائد ہو چکی ہے، مگر گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہیں ہو سکے۔
جج امجد علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ علیمہ خان کو 80 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، جس کی رقم گواہان کو دی جائے گی۔ علیمہ خان نے عدالت کو یقین دلایا کہ چیک آئندہ سماعت سے قبل جمع کرا دیا جائے گا۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کا حکم دیا اور وکلاء کی ہڑتال کے باعث جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بھی 17 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی۔





