لاہور: وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن نے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کر دیا ہے، وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز ملکی ترقی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، اور حالیہ معرکے میں تینوں فورسز نے مثالی رابطہ کاری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کا کوئی بڑا اجلاس پاکستان کی نمائندگی کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ فوج میں تنظیمِ نو کا مقصد تینوں فورسز کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کی قیادت میں عالمی سطح پر پاکستان کو اہم کامیابیاں ملی ہیں۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر سمیت کئی عالمی رہنما پاکستان کی صلاحیتوں کا اعتراف کر رہے ہیں، چین اور قطر نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے ملک میں دیوالیہ پن کی باتیں ہو رہی تھیں، لیکن وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ڈیفالٹ کے خطرات ختم کر دیے گئے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ گیس کے شعبے میں بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ مقامی تیل و گیس کمپنیاں اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کریں گی، جس سے روزگار اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سے تین لاکھ گھریلو صارفین کو نئے گیس کنکشن فراہم کیے جا رہے ہیں، اور سردیوں میں گیس فراہمی بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیاں دوبارہ پاکستان کا رخ کر رہی ہیں، ترک پٹرولیم اسلام آباد میں دفتر قائم کرنے جا رہی ہے، جبکہ پی ایس او اور ایف ڈبلیو کے اشتراک سے ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا منصوبہ تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تیل و گیس کے شعبے میں بیرونی انحصار کم کیا جا رہا ہے اور توانائی کے شعبے میں گردشی قرضوں پر قابو پانے کیلئے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے۔





