ایکس سروس مین سوسائٹی نے پاک فوج کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
راولپنڈی پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران چیف کوآرڈینیٹر عزیز اعوان نے کہا کہ ان کے ادارے اور اراکین کو پاک فوج کی موجودہ قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تنظیم کے اجتماعی اور اُن کے ذاتی خیالات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت کے ریاستی اداروں سے متعلق رویے پر سنگین تشویش پائی جاتی ہے، جس کے باعث اس جماعت پر پابندی سمیت مختلف قانونی اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔ پریس کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات کے مقدمات کا جلد فیصلہ کرنے اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ مزید کہا گیا کہ بیرون ملک سے چلائی جانے والی پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم پر قابو پانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
صدر ایکس سروس مین سوسائٹی پاکستان، جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ ملکی استحکام کے لیے قومی اتحاد انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی اصل طاقت عوام ہیں، اور فوج نے 1947 سے لے کر آج تک ہر محاذ پر وطنِ عزیز کے دفاع کی ذمہ داری نبھائی ہے۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے مبینہ ہائبرڈ وار، خطے میں کشیدگی اور افغانستان کی سرزمین کے پاکستان مخالف استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمسایہ ممالک کے لیے مختلف چیلنجز پیدا کر رہا ہے جبکہ بھارت اور اسرائیل کے کچھ میڈیا پلیٹ فارمز پاکستان مخالف بیانیے کو مسلسل فروغ دے رہے ہیں۔
جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم نے کہا کہ جنرل عاصم منیر اپنی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث اس اعلیٰ ترین منصب تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے شہدا کی بے حرمتی جیسے واقعات کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج عالمی سطح پر بارہویں نمبر پر شمار ہوتی ہے، جبکہ بھارت کا دفاعی بجٹ پاکستان سے کئی گنا زیادہ ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر مقررین نے کہا کہ قومی سلامتی، اتحاد اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم کو ریاستی اداروں کی پشت پر کھڑا ہونا ہوگا۔





