معروف یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی نے جوا ایپس کیس میں گرفتاری سے رہائی تک 100 دن کی خاموشی کے بعد پہلی بار اظہارِ خیال کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگ لی۔
ڈکی بھائی نے اپنے یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں کہا کہ اگر کوئی سمجھے کہ اس ویڈیو کا مقصد ایف آئی آر کی وضاحت یا جواز پیش کرنا ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اگر ان کے کسی بھی کانٹینٹ یا پروموشن سے منفی اثر پڑا ہے تو وہ پوری قوم سے دل سے معافی مانگتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کوشش کی کہ لوگوں کو انٹرٹین کروں اور کچھ نیا پیش کروں، لیکن اگر انجانے میں ایسا مواد سامنے آیا جس سے منفی تاثر گیا تو وہ اس کے مکمل ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی معاملات وہ قانونی طریقے سے دیکھیں گے اور جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اسے قبول کریں گے۔
ڈکی بھائی نے ویڈیو میں اپنی گرفتاری سے قبل کے لمحات بھی بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ 16 اگست 2025 کو گھر میں مہمانوں کی دعوت کے بعد وہ ایک غیر ملکی ایونٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے تھے، لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ اسی لمحے ان کے مشکل دنوں کا آغاز ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو جوا ایپس کے ذریعے مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے 10 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ان کی درخواستِ ضمانت منظور کی اور انہیں 26 نومبر کو رہا کر دیا گیا تھا۔





