بھارتی ویمن کرکٹر سمریتی مندھانا اور موسیقار پالاش مچل کی منسوخ شدہ شادی کے حوالے سے کئی دنوں سے جاری افواہوں کے بعد دونوں نے بالآخر وضاحت کر دی۔
سمریتی مندھانا نے انسٹاگرام اسٹوری میں مختصر مگر واضح بیان جاری کیا اور تصدیق کی کہ ان کی شادی منسوخ ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو پرائیویٹ رکھتی ہیں اور صرف اتنا بتانا چاہتی ہیں کہ شادی نہیں ہو رہی۔
سمریتی کے اعلان کے فوراً بعد پالاش مچل نے انسٹاگرام پر طویل نوٹ شیئر کیا، جس میں انہوں نے بےوفائی سے متعلق افواہوں کی سختی سے تردید کی۔ پالاش نے کہا کہ وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر چکے ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد باتوں نے انہیں شدید تکلیف پہنچائی۔ انہوں نے اس دور کو اپنی زندگی کا سب سے مشکل وقت قرار دیا اور خبردار کیا کہ جھوٹے اور الزام تراش مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ دونوں کی شادی 23 نومبر 2025 کو سانگلی، مہاراشٹر میں طے تھی، لیکن سمریتی کے والد کی طبیعت خراب ہونے اور بعد میں پالاش کی اسپتال منتقلی کے باعث دونوں میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز سے دور ہوگئے تھے۔ سمریتی نے اپنی تمام شادی اور منگنی کی پوسٹس بھی ڈیلیٹ کر دی تھیں۔
نئی شادی کی تاریخ 7 دسمبر کی افواہیں گردش کرتی رہیں، تاہم دونوں کی جانب سے تصدیق کے بعد تمام قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں۔






