اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور انڈونیشیا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور تجارت میں حالیہ پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر تجارت، دفاع، سلامتی، صحت اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ تجارتی حجم میں مزید اضافے کے لیے ترجیحی تجارتی معاہدے پر نظرثانی کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
ملاقات میں زرعی اجناس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون وسیع کرنے پر زور دیا گیا، جبکہ سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے عوامی فلاح کے اقدامات کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے کشمیر اور غزہ کی صورتحال سمیت علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور ڈی8 سمیت مختلف عالمی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے انڈونیشیا کے صدر کو ڈی8 کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم نے انڈونیشین صدر اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔






