اسلام آباد: ایوانِ صدر میں انڈونیشیا کے صدر ابووو سوبیانتو کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں انہیں پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز “نشانِ پاکستان” عطا کیا گیا۔
تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور اعلیٰ عسکری قیادت سمیت اہم حکام نے شرکت کی۔ اس سے قبل دونوں صدور کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں تاریخی تعلقات، مشترکہ اقدار اور دیرینہ خیرسگالی پر مکمل اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
آصف علی زرداری نے سوماترا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
ملاقات میں دو طرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ تجارت میں توازن اور مزید تنوع پر زور دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کو کاروباری روابط بڑھانے کا مؤثر فورم قرار دیا۔ آئی ٹی، زراعت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔ دفاعی تعاون مضبوط کرنے، تربیت اور مشترکہ پیداوار بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ دونوں ممالک نے اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
صدر پاکستان نے انڈونیشین صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں وزراء، اعلیٰ حکام اور عسکری قیادت نے توسیعی ملاقات میں حصہ لیا، جبکہ مہمان صدر کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ بھی دیا گیا۔





