پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بڑا سیاسی فیصلہ کرتے ہوئے سیاسی مفاہمت کے لیے ایک قدم آگے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سیاسی مفاہمت کے لیے تیار ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رابطہ اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا اور پیپلز پارٹی کو دو روزہ قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی جا رہی۔
یہ بھی پڑھیں: ایک مائنس ہوا تو کوئی بھی باقی نہیں رہے گا، حالات آپ کے کنٹرول میں نہیں آئیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ قومی کانفرنس میں سیاسی ڈائیلاگ کے لیے راستہ نکالنے پر غور ہوگا، جبکہ اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے مذاکرات کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی شرط رکھی گئی ہے۔
اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ یہ کاروباری دنیا نہیں کہ دو میں سے ایک کو مائنس کر دو تو دوسرا بچ جائے گا۔ “اگر ایک مائنس ہوا تو اس کے بعد ایک بھی باقی نہیں رہے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ خان صاحب کی بہنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، “Enough is enough.”






