بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ کو سعودی عرب کے شہر جدہ میں منعقد ہونے والے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کے دوران گولڈن گلوبز ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پر تیونس کی اداکارہ ہینڈ صابری کو بھی اعزاز دیا گیا۔
ایوارڈ وصول کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے کہا کہ گولڈن گلوبز عالمی سطح پر فلمی دنیا کا ایک اہم اعزاز ہیں اور یہ ایوارڈ حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی فلموں کے ذریعے طاقتور اور مستحق خواتین کی کہانیاں دنیا تک پہنچاتی رہیں گی۔
ریڈ سی فلم فیسٹیول کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عالیہ بھٹ نے ماں بننے کے بعد اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی راہا کا اب فوٹوگرافرز کے ساتھ ایک منفرد رشتہ بن گیا ہے اور وہ اپنی والدہ سے ان کے سفر کے بارے میں سوالات بھی کرنے لگی ہے۔
عالیہ بھٹ کا کہنا تھا کہ موجودہ زندگی پہلے سے زیادہ خوبصورت، مصروف اور نئی ذمہ داریوں و تجربات سے بھرپور ہے۔






