آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک حملہ آور بھی شامل ہے جبکہ دوسرا حملہ آور پولیس کی حراست میں ہے۔
یہ واقعہ یہودیوں کے تہوار کی تقریب کے دوران پیش آیا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مقامی آبادی کو بونڈی بیچ سے دور رہنے کی ہدایت کی۔ زخمی افراد کو فوری طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانی نے واقعے کو ’صدمہ اور تکلیف دہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی ردعمل دینے والے رضا کار جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں ایک غیر مسلح شخص فائرنگ کرنے والے ایک دہشت گرد کی بندوق پکڑ کر مزید ہلاکتوں کو روک دیتا ہے۔ صارفین نے اس شخص کی بہادری کو سراہا اور اسے ہیرو قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ بہادری نہیں بلکہ فطری جرت ہے، جس نے خوف سے بھری دنیا میں ہمت کا انتخاب کیا۔






