دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے اپنے ایمان اور عقیدے سے متعلق ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایلون مسک نے یہ خیالات ایک پوڈکاسٹ کے دوران ظاہر کیے، جہاں میزبان کیٹی ملر نے ان سے خدا کے وجود کے بارے میں سوال کیا۔
ایلون مسک کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں تک خود کو ملحد سمجھتے رہے، تاہم اب انہیں یقین ہو گیا ہے کہ خدا کا وجود ہے۔ ان کے مطابق اب وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ کرشماتی اور منظم کائنات خود بخود وجود میں نہیں آ سکتی۔
ایلون مسک نے کہا کہ اب انہیں اس بات کا ادراک ہو گیا ہے کہ اس دنیا اور کائنات کو تخلیق کرنے والی کوئی نہ کوئی ہستی ضرور موجود ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ایلون مسک نے مذہب سے متعلق ایک سوال کے جواب میں خود کو ’’کلچرل کرسچن‘‘ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جس معاشرے اور ثقافت میں پیدا ہوئے اور پلے بڑھے، وہ مسیحی کلچر ہے، اس لیے انہیں ثقافتی طور پر عیسائی کہا جا سکتا ہے، تاہم اس وقت وہ بطور عقیدہ خدا پر یقین نہیں رکھتے تھے۔
تاہم اپنے حالیہ انٹرویو میں ایلون مسک نے واضح کیا کہ اب ان کی سوچ بدل چکی ہے اور وہ ایک ایسی ہستی پر یقین رکھتے ہیں جس نے اس کائنات کو تخلیق کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایلون مسک کے نظریات میں یہ تبدیلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ خلائی سفر سے متعلق جدید اور انقلابی ٹیکنالوجیز متعارف کرا رہے ہیں۔






