ہری پور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے قومی ہیروز اور ملک کے معمار ہیں، نوجوان نسل ہی ملکی ترقی کی اصل ضمانت ہے۔
ہونہار طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت کر کے دلی خوشی ہو رہی ہے۔ خیبرپختونخوا دلیروں اور غیور عوام کا صوبہ ہے، جس کے بہادر لوگوں نے ملک کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی قربانیوں کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا اور تاریخ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے تو پاکستان عظیم بنے گا، محنت، دیانت اور بھائی چارے سے ہی پاکستان آگے بڑھے گا۔
خطاب کے دوران مائیک بند ہونے پر وزیراعظم نے کہا کہ معذرت خواہ ہوں، میرے مکے سے مائیک بند ہو گیا، یہ وہی مکا تھا جس سے نریندر مودی سرکار کو سبق سکھایا گیا تھا، وہ سبق مودی سرکار کبھی نہیں بھولے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ 10 مئی کی صبح اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح سے نوازا، یہ فتح کسی فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان کی تھی۔ قوم کی دعاؤں سے دشمن کو شکست ہوئی اور عالمی سطح پر پاکستان کی عزت و وقار میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ 100 فیصد میرٹ پر ہونہار طلبہ میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت 2023 اور 2024 میں مشکلات کا شکار رہی، تاہم اب معیشت منجدھار سے نکل آئی ہے اور تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ماضی سے سیکھ کر مستقبل کی تیاری کرنا ہوگی، ترقی جادو یا ٹونے سے نہیں بلکہ محنت سے حاصل ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہری پور میں دانش اسکول کے قیام، طالبات کے لیے علیحدہ کیمپس اور ہری پور پل کی تعمیر کا اعلان بھی کیا۔ تقریب کے دوران ہونہار طلبہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر پوری قوم متحد ہو جائے تو پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت کے لیے ملک بھر کے بچوں کو بیرونِ ملک بھیجا جائے گا، قوم کی یکجہتی پاکستان کی ترقی کی رفتار کو ناقابلِ روک بنا دے گی۔




