انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
348 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 26.2 اوورز میں 156 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سوریا ونشی 26، ارون پٹیل 19 اور ارون جارج 16 رنز بنا سکے۔ کنشک چوہان اور ویدانت چوہان 9، 9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام، عبدالسبحان اور حذیفہ احسن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز اسکور کیے اور بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان کی جانب سے سمیر منہاس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 17 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے دھواں دار 172 رنز بنائے، جن میں 103 رنز صرف 71 گیندوں پر شامل تھے۔ وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ احمد حسین نے 56، عثمان خان نے 35، کپتان فرحان یوسف نے 19 اور حمزہ ظہور نے 18 رنز بنائے، جبکہ محمد صیام 13 اور نقاب شفیق 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے دیپیش دیویندرن نے 3 جبکہ کھیلان پٹیل اور ہینل پٹیل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی شاندار فتح پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ فائنل جیتنے کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی کھلاڑیوں کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور ان کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔






