بابائے قوم، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 149واں یومِ پیدائش آج پورے ملک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
یومِ ولادت کے موقع پر کراچی سمیت مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں قائداعظمؒ کی جدوجہد اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چودھری (ہلالِ امتیاز) تھے۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ قائد پر سلامی دی جبکہ پاک فوج کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

میجر جنرل افتخار حسین چودھری نے مزارِ قائد پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ بعد ازاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی، پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

دوسری جانب زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی پر پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قومی پرچم لہرایا۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ وہ ایک ممتاز وکیل اور عظیم سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں، عزم اور اصولوں کے ذریعے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد اور تنظیم قائداعظمؒ کی زندگی کا نچوڑ تھے۔
نہرو، پٹیل اور گاندھی جیسے رہنماؤں کی موجودگی کے باوجود قائداعظمؒ نے مسلمانوں کو پاکستان کی منزل تک پہنچایا۔ ان کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، آزادی اور انصاف میسر ہو۔
قائداعظم محمد علی جناحؒ دنیا کی اُن عظیم شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔





