الطاف حسین نے عمران فاروق کو مروایا، قائد ’را‘ سے پیسے لیتا رہا: مصطفیٰ کمال

0
885

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے بانی ایم کیو ایم پر شدید الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے عمران فاروق کو قتل کروایا اور اس کے بعد میت پاکستان بھجوانے کے لیے لاکھوں پاؤنڈز چندے کی مد میں وصول کیے۔

کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے لاش کے معاملے پر واویلا کیا، حالانکہ اصل قاتل وہ خود ہے اور اس حوالے سے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نمازِ جنازہ کے موقع پر بانی ایم کیو ایم کا مقصد صرف تصاویر بنوانا تھا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ عمران فاروق کو بانی ایم کیو ایم کی سالگرہ کے موقع پر قتل کر کے تحفے کے طور پر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم گزشتہ 25 برسوں سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سے پیسے لے کر پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ بھارتی را کے دباؤ کی وجہ سے عمران فاروق قتل کیس کی اسکاٹ لینڈ یارڈ تحقیقات کو روکا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے کراچی کو تباہ کیا اور مہاجر قوم کو کئی دہائیاں پیچھے دھکیل دیا۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے ایک فون کال پر ماضی میں چند سیکنڈز میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آتے تھے، لیکن اس کے باوجود اسے کبھی توبہ کی توفیق نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم قوم کا مجرم اور غدار ہے جو جب چاہے، جسے چاہے مروادیتا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر قوم بدقسمت ہے جسے ایک مجرمانہ قیادت ملی، جس نے 40 سال میں نہ جانے کتنے لوگوں کی زندگیاں تباہ کیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم اگر چاہتا تو آئینی ترمیم چند منٹوں میں منظور کروا سکتا تھا، مگر اس نے کبھی مہاجر قوم کے حقیقی مسائل کے لیے سنجیدہ کوشش نہیں کی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا