راولپنڈی: فیلڈ مارشل اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی علاقائی اور ملکی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 18ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور اس کی سٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے عوام دوست ترقیاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بلوچستان کی معاشی صلاحیت کو عوام کے فائدے کے لیے بروئے کار لانے پر زور دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے پروپیگنڈا بے نقاب کرنے میں سول سوسائٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن اور باہمت ہیں، اور مفاداتی سیاسی ایجنڈوں کو مسترد کرنا ناگزیر ہے۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں پراکسی عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم پاکستان کی مسلح افواج اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملکی سالمیت پر کسی بھی قسم کا حملہ ناقابل برداشت ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جنہیں سکیورٹی فورسز کی مؤثر اور سخت کارروائیوں کے ذریعے ناکام بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو دہشت گردی اور بدامنی سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا اور پاکستان کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نشست کے اختتام پر کھلے اور بامقصد سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے اور بلوچستان کی ترقی اور سکیورٹی سے متعلق جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔






