ستھرا پنجاب پروگرام دنیا بھر میں منفرد پہچان بن چکا ہے، عظمیٰ بخاری

0
556

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب پروگرام پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک منفرد پہچان حاصل کر چکا ہے اور اس کے مثبت اثرات دیگر صوبوں تک بھی پہنچ رہے ہیں۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی صفائی کے اقدامات سے دیگر صوبے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب پروگرام سے سندھ حکومت بھی مستفید ہونا چاہتی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے کوڑے کو کارآمد بنا کر بائیو گیس کے حصول کے لیے پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت بھی ستھرا پنجاب ماڈل سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہشمند ہے۔ خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری نے ستھرا پنجاب پروگرام کے ماڈل کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت برطانیہ کے شہر برمنگھم کو بھی ستھرا پنجاب پروگرام کے حوالے سے رہنمائی فراہم کر چکی ہے۔ اس کے علاوہ تجاوزات کے خلاف آپریشن، ماڈل ویلج پروگرام اور پنجاب ڈویلپمنٹ پلان بھی کامیاب منصوبے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اس حوالے سے اپنا موقف پہلے ہی واضح کر چکی ہیں۔ مریم نواز کا پیغام ہے کہ اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی بھی کامیاب منصوبے کی فیزیبلٹی درکار ہو تو پنجاب ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ پنجاب بڑے بھائی کے طور پر دیگر صوبوں کی عوامی فلاح کے منصوبوں میں مدد فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خوشی ہوگی اگر سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام بھی پنجاب کی طرح بہتر سہولیات سے مستفید ہوں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی تلخیوں، الزام تراشی اور گالی گلوچ کی سیاست کے بجائے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنا چاہیے تاکہ ملک بھر میں صفائی اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا