پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا: دفتر خارجہ

0
607

اسلام آباد: وزارت خارجہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اس مؤقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ رواں ہفتے جموں و کشمیر کے حوالے سے یومِ حقِ خودارادیت منایا گیا، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر سے متعلق قراردادوں کی یاددہانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ہزاروں انسانی حقوق کے کارکن اور سیاسی رہنما تاحال جیلوں میں قید ہیں، جبکہ بھارت 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی منظم کوششیں کر رہا ہے۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے حالیہ بیانات کا خیر مقدم کرتا ہے، تاہم افغان قیادت سے بیانات کے ساتھ ساتھ قابلِ تصدیق، ٹھوس اور عملی ضمانتوں کی توقع ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان چین کی قومی وحدت کے حصول کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے دوران پاکستان نے چین کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کیا، جس پر چین نے مسئلہ کشمیر کو ایک حل طلب تاریخی مسئلہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک 2.0 کے تحت ترقیاتی منصوبوں میں ہم آہنگی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کے لیے الزامات عائد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا ریکارڈ خطے اور عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا عکاس ہے اور پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات اس کے امن دشمن اقدامات کو نہیں چھپا سکتے۔ بھارت کو دوسروں کو وعظ دینے کے بجائے اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا