اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے آج اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، جنید اکبر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسپیکر سے ملاقات کے دوران محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو گرین سگنل دے دیا ہے، جبکہ حکومتی وفد بھی اسپیکر کی درخواست پر مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مذاکرات صرف تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں سے کیے جائیں گے، غیر منتخب افراد سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب اسپیکر آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک مذاکرات کے حوالے سے تحریک انصاف کے کسی رہنما نے باضابطہ طور پر رابطہ نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق سردار ایاز صادق نے پارلیمانی کمیٹی برقرار رکھی ہوئی ہے اور اپوزیشن کی رضامندی کی صورت میں فوری طور پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق اسپیکر کی پیشکش کے باوجود اب تک اپوزیشن کی جانب سے رابطہ نہیں کیا گیا، تاہم اسپیکر نے تحریک انصاف کو اپنے چیمبر میں ملاقات کی دعوت دے رکھی ہے۔






