ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر آئی ای ڈی حملہ، ایس ایچ او سمیت 6 اہلکار شہید

0
484

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں نے پولیس کی بکتر بند گاڑی کو آئی ای ڈی حملے کا نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ٹانک کے علاقے گومل میں کوٹ ولی سے تقریباً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ دھماکے کی شدت کے باعث پولیس کی بکتر بند گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں ایس ایچ او اسحاق، اے ایس آئی شیر عالم، شفیع، حضرت علی، احسان اللہ اور ڈرائیور مجید شہید ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شہداء کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق بکتر بند گاڑی گومل سے ٹانک آ رہی تھی کہ راستے میں بارودی سرنگ نصب کی گئی تھی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں دہشت گردوں نے امن لشکر پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ ایس ڈی پی او محبوب خان کے مطابق یخ کنڈاؤ کے علاقے میں ہونے والے اس حملے میں امن لشکر کی جوابی کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد بھی مارے گئے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ٹانک میں دہشت گرد حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی بہادری اور فرض شناسی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی، جبکہ واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو جلد ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا