کراچی میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے لیے سندھ حکومت نے مالی امداد کا اعلان کردیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس میں بتایا کہ جاں بحق افراد کے ورثا کو مالی امداد کی فراہمی کل سے شروع کردی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، جانی نقصان کا مطلب ہے کہ کئی خاندان شدید متاثر ہوئے ہیں، جب کہ تمام متاثرین اپنے چلتے ہوئے کاروبار سے محروم ہوگئے ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلسل رابطے میں ہیں اور پیپلز پارٹی کی قیادت چاہتی ہے کہ گل پلازہ کے تاجروں اور دیگر متاثرین کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے گی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اطلاعات کے مطابق گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں موجود ہیں، جس کا مطلب ہے کہ 1200 سے زائد افراد اس سانحے سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ متاثرین کی مکمل بحالی کس طرح ممکن بنائی جائے۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کا واقعہ ایک بڑا سانحہ ہے، ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا عملہ تین مختلف مقامات سے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 73 افراد لاپتا ہیں اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ لاپتا افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے حکام کو ہدایت کی کہ ملبہ اٹھانے کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور واقعے کی فرانزک رپورٹ تیار کی جائے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات سامنے آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گل پلازہ سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کو فوری معاوضہ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے گل پلازہ کے متاثرین کے لیے خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔






