دہشگردوں کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر مار، کوئی بچ کر نہیں گیا،محسن نقوی

0
388

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارت نے بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی کی، تاہم پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے تمام حملے ناکام بنا دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا اور ایک ایک پہلو کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے بلوچستان کے 12 مختلف مقامات پر منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے، تاہم سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو پسپا کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جو بھی دہشت گرد حملے کی نیت سے آیا، وہ زندہ واپس نہیں گیا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو چن چن کر مارا اور ان کے عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے تمام سکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے جان پر کھیل کر ملک کا دفاع کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا کو یہ جاننا چاہیے کہ ان حملوں کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ دہشت گرد کہاں سے آپریٹ کرتے ہیں، کن سے رابطے میں رہتے ہیں اور انہیں کس طرح مالی و لاجسٹک مدد فراہم کی جاتی ہے۔ یہ تمام حقائق عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نہ صرف دہشت گردوں کی مالی معاونت کر رہا ہے بلکہ منصوبہ بندی اور حکمت عملی میں بھی ان کی مدد کرتا ہے، تاہم بھارت کو اسی طرح شکست ہوگی جیسے ماضی میں ہو چکی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی۔

محسن نقوی نے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر رہنما ہیں جو فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر لیڈ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں چند اور سرفراز بگٹی جیسے لوگ ہوتے تو دہشت گردی کا خاتمہ دنوں میں ممکن ہو جاتا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بتایا کہ دہشت گردوں نے گوادر میں لیبر کالونی میں داخل ہو کر ایک بلوچ خاندان کی خواتین اور بچوں کو بے دردی سے شہید کیا، جو ایک انتہائی سفاکانہ فعل ہے۔ انہوں نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ تمام مصروفیات چھوڑ کر کوئٹہ پہنچے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے اور تمام غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے دس حملے بھی حکومت اور عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے اور شہداء کے خاندانوں کے حوصلے بلند ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا