افغانستان کے ایجنٹ دہشتگردوں کو بلوچ عوام کے ساتھ مل کر شکست دیں گے، وزیر دفاع

0
312

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد افغانستان اور بھارت کے ایجنٹ ہیں، جو ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ عوام کے تعاون سے ان عناصر کو شکست دی جائے گی۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن پراکسیز کے ذریعے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، تاہم ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتوں کی پشت پناہی سے پاکستان پر حملے کیے جا رہے ہیں، جن کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ دہائیوں میں بلوچستان میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، جہاں سڑکیں، تعلیمی ادارے اور دیگر بنیادی ڈھانچے تعمیر کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری کلچر بلوچ قوم کا حق ہے اور بلوچستان کے وسائل پر مکمل اختیار بلوچ عوام کا ہونا چاہیے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر چند عناصر وسائل سے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام بلوچ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

وزیر دفاع نے بھارت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان کی تحویل میں ہے، جبکہ پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد بھی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ میں ناکامی کے بعد بھارت اب پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف جارحیت کر رہا ہے، تاہم بلوچ عوام کی مدد سے افغانستان اور بھارت کی یہ پراکسی جنگ ناکام بنا دی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا