پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق پولیس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، تاہم انہیں فخر ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آ رہی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جو عناصر پولیس پر دباؤ ڈال رہے ہیں وہ ایسا نہ کریں اور پولیس کو سیاست میں نہ گھسیٹیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے دور رکھا گیا ہے اور پولیس کے معاملات میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں کی جا رہی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت دہشتگردی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں کیے گئے فیصلوں سے ملک کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، جبکہ غلط پالیسیوں کے باعث صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس گزشتہ 22 برسوں سے مسلسل قربانیاں دے رہی ہے اور آج بھی فرنٹ لائن پر کھڑی ہے، مگر بدقسمتی سے پولیس کی بے توقیری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جو اقدامات کر رہی ہے وہ خلوص نیت کے ساتھ کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنی پولیس پر فخر ہے، پولیس نے جو بھی ضروریات پیش کیں حکومت نے انکار نہیں کیا۔ سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ ہماری آنکھ اور کان ہیں، جنہیں جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے میں سیف سٹی منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال مزید بہتر بنائی جا سکے۔





