اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بُننے والوں کو واضح پیغام مل چکا ہے۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سرزمین کمزور نہیں بلکہ شہداء کے لہو سے مضبوط ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یہ کارروائی دہشتگردی کی آگ میں جھونک دی جانے والی معصوم جانوں کا جواب ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف ایک آپریشن نہیں بلکہ ہر اُس ماں کے آنسوؤں کا جواب تھا جس نے اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کیا، اور ہر اُس بچے کے خوابوں کا دفاع تھا جو ایک محفوظ پاکستان چاہتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کوئی نہ کرے۔ ہم امن کے خواہاں ضرور ہیں، مگر اپنی سرزمین، عوام اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہماری پہچان، ہماری غیرت اور ہمارا ایمان ہے۔ پاکستان پہلے بھی تھا، آج بھی ہے اور ہمیشہ رہے گا — پاکستان سب سے پہلے۔





