شہباز شریف،رجب طیب اردوان کا ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش

0
493

شہباز شریف وزیراعظم اور ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے صدر اردوان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے میں بڑھتے ہوئے بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایران پر اسرائیلی حملے اور اس کے بعد برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوس ناک واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے خطے کا امن مزید خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

وزیراعظم نے صدر اردوان کو خلیجی ممالک کی قیادت سے اپنے حالیہ روابط کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے بحران کے پرامن حل کے لیے تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کی تیاری کا پیغام بھی دہرایا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تمام فریقین زیادہ سے زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لایا جائے تاکہ صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیش رفت سے بھی صدر اردوان کو آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قریبی اور مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا اور مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا