امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے اور وہاں نئی حکومت کے قیام سے متعلق اہم بیان دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے لیے اب واحد قابلِ قبول راستہ غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ نہیں ہوگا، سوائے اس کے کہ وہ مکمل طور پر ہتھیار ڈال دے۔
امریکی صدر کے مطابق ایران کے ہتھیار ڈالنے کے بعد ایسی قیادت کا انتخاب کیا جائے گا جو قابلِ قبول اور بہتر ہو۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس کے بعد امریکا اور اس کے اتحادی ایران کو تباہی کے دہانے سے نکالنے اور اس کی معیشت کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عمل کے بعد ایران پہلے سے زیادہ مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بن سکتا ہے اور مستقبل میں ایک بڑی معاشی طاقت کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
اپنے بیان کے اختتام پر امریکی صدر نے کہا کہ ایران کا مستقبل روشن ہو سکتا ہے اور اسے دوبارہ عظیم بنانے کی ضرورت ہے۔ مبصرین کے مطابق یہ جملہ ان کے معروف سیاسی نعرے سے ملتا جلتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف فوجی اور اسٹریٹجک اہداف پر حملے جاری ہیں، جبکہ ایران بھی خلیجی ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائل اور ڈرون حملوں کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے۔





