راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس میں بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10،10 سال قید اور 5،5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
عدالت نے سزا یافتہ ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سنایا۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب خان، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، احمد اظہر، شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز، رائے محمد مرتضیٰ، شوکت علی بھٹی، عثمان سعید بسرہ، اعجاز خان جازی، کنول شوزب، حماد اظہر اور شیخ راشد شفیق سمیت دیگر شامل ہیں۔
عدالتی فیصلے کے مطابق تمام 47 ملزمان اشتہاری قرار دیے گئے تھے اور قانون کے مطابق انہیں 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید قید کی سزا بھی بھگتنا ہوگی جبکہ جائیدادیں بھی ضبط کی جائیں گی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ سزا یافتہ ملزمان 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی منصوبہ بندی میں ملوث پائے گئے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ملزمان احتجاج کو پرتشدد بنانے کی سازش میں شامل تھے اور انہیں مرکزی کردار قرار دیا گیا۔
عدالت کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ، آرمی میوزیم اور سکسٹھ روڈ میٹرو اسٹیشن پر حملوں میں ملوث پائے گئے جبکہ ان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات بھی ثابت ہوئے۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سمیت مجموعی طور پر 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ مقدمے میں اب تک استغاثہ کے 44 گواہان کے بیانات قلمبند ہو چکے ہیں۔
عدالت کے مطابق 118 ملزمان میں سے 18 ملزمان ٹرائل کے دوران مسلسل غیر حاضر رہے جبکہ 29 ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد کبھی عدالت میں پیش ہی نہیں ہوئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے سیکشن 21 ایل کے تحت 47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا۔ پراسیکیوشن نے رواں سال 6 جنوری کو کارروائی کی درخواست دائر کی جس کے بعد عدالت نے انکوائری کرائی اور ملزمان کو مفرور قرار دیا۔
عدالت نے اخبار میں اشتہار کے ذریعے ملزمان کو 7 دن کے اندر سرنڈر کرنے کا موقع دیا تاہم کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔
بعد ازاں عدالت نے اسٹیٹ کونسل مقرر کرکے ملزمان پر فرد جرم عائد کی اور پراسیکیوشن کے 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے تمام 47 ملزمان کو سزا سناتے ہوئے جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو جی ایچ کیو حملے کا مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔





