لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزرا کیلئے سرکاری فیول بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خطے میں جنگ کے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی منظوری دی ہے۔
فیصلے کے مطابق پیٹرولیم بحران کے خاتمے تک صوبائی وزرا کو سرکاری فیول فراہم نہیں کیا جائے گا جبکہ سرکاری افسران کی گاڑیوں کیلئے پیٹرول اور ڈیزل الاؤنس میں فوری طور پر 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ہمراہ چلنے والی پروٹوکول گاڑیوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ناگزیر سکیورٹی کی صورت میں صوبائی وزرا اور اعلیٰ سرکاری افسران کے ساتھ صرف ایک گاڑی ہوگی۔
مزید برآں سرکاری دفاتر میں ورک فرام ہوم کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صرف ضروری عملہ ہی دفاتر آئے گا۔
دوسری جانب صوبے بھر میں اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں 10 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گی، تاہم امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران آن لائن کلاسز جاری رکھیں۔





