اسلام آباد: اسلام آباد، راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دینے کے بعد شہری خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دھماکے کی آواز سنائی دینے سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، تاہم بعد میں ذرائع نے بتایا کہ یہ آواز جنگی طیاروں کی پرواز کے باعث پیدا ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 23 مارچ کی تقریب کے سلسلے میں جنگی طیارے ریہرسل کر رہے تھے اور تیز رفتاری کے باعث ساونڈ بیریئر ٹوٹنے سے یہ زور دار آواز سنائی دی۔
ادھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر احتیاطی طور پر پروازوں کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا اور طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف روک دی گئی تھی، تاہم کچھ دیر بعد پروازوں کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ 23 مارچ کو یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوگی جبکہ اس موقع پر روایتی پریڈ کے بجائے فلائی پاسٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔





