ریاض میں ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ایک طاقتور طوفان سعودی عرب اور خلیجی خطے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طوفان کے باعث موسلا دھار بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقے بارشوں سے شدید متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ آج اور جمعرات کے دوران تیز بارش اور ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ اس دوران حد نگاہ متاثر ہو سکتی ہے اور ساحلی علاقوں میں اونچی لہریں پیدا ہونے کا امکان ہے، جن کی اونچائی 2.5 میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اماراتی محکمہ اوقاف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ شدید بارشوں کے دوران نماز گھروں میں ادا کریں تاکہ خراب موسمی حالات میں غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے بچا جا سکے۔
محکمہ اوقاف نے مساجد کے آئمہ کرام کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں اذان کے فوراً بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کریں کہ نمازی اپنے گھروں میں ہی نماز ادا کریں۔
مزید برآں ہدایت کی گئی ہے کہ اگر مساجد میں نماز ادا کی جا رہی ہو تو ظہر اور عصر کی نمازیں جمع کر کے پڑھی جائیں، جبکہ مغرب اور عشاء کی نمازیں بھی اکٹھی ادا کی جائیں۔






