کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر ریلوے کالونی کے قریب گٹر کی صفائی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دم گھٹنے سے ایک خاکروب جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق صفائی کے دوران مذکورہ شخص اچانک بے ہوش ہو کر گٹر میں گر گیا، جس پر فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچا اور گٹر میں پھنسے شخص کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ مسلسل کوششوں کے بعد اہلکاروں نے متاثرہ شخص کو باہر نکال لیا۔
تاہم ریسکیو اہلکاروں کے مطابق جب تک اسے نکالا گیا، وہ دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو چکا تھا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے ترجمان کا کہنا ہے کہ متوفی ایک خاکروب تھا، جس کی عمر تقریباً 35 سال بتائی جا رہی ہے، جبکہ فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔






