جدہ: وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے جدہ میں طویل ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی اور صبر و تحمل کو سراہا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد کو امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ امن مذاکرات کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے لیے اپنی سفارتی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا استحکام ممکن بنایا جا سکے۔
وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً دو گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات میں ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے تناظر میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
سعودی ولی عہد نے امن عمل میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تعمیری کردار کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دیرینہ شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔






