اسلام آباد: ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اگر امریکا کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور ہوا تو پاکستان ان کی پہلی ترجیح ہوگا۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ایک اور دور کے جلد اسلام آباد میں انعقاد کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
ایرانی حکام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں، تاہم دوسری جانب کی صورتحال واضح نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دوسرے مرحلے کے مذاکرات کی صورت میں پاکستان کو ترجیح دی جائے گی۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے وفود رواں ہفتے دوبارہ امن مذاکرات کے لیے اسلام آباد آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے بھی اس امکان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا اگلا دور اسی ہفتے یا آئندہ ہفتے کے آغاز میں ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل امریکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کی میزبانی کی پیشکش بھی کر دی ہے، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ مذاکرات جمعرات کو اسلام آباد میں ہو سکتے ہیں۔






