نہ بریک تھرو نہ بریک ڈاؤن، ایران امریکا مذاکرات جاری، لبنان میں امن ضروری: دفتر خارجہ

0
337

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل جاری ہے، تاہم اب تک کوئی بڑا بریک تھرو سامنے نہیں آیا اور نہ ہی مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے ہیں۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے طویل اور سنجیدہ مذاکرات ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر یہ عمل 24 گھنٹوں سے بھی زائد جاری رہا۔ انہوں نے اس عمل کو “نہ بریک تھرو نہ بریک ڈاؤن” کی صورتحال قرار دیا۔

ترجمان نے کہا کہ مذاکرات میں شریک فریقین کی سنجیدگی اور مثبت رویہ قابل تعریف ہے، کیونکہ پیچیدہ معاملات پر اتنے طویل عرصے تک گفتگو غیر معمولی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سفارتی رابطوں کی تفصیلات کو خفیہ رکھنا ضروری ہے تاکہ اعتماد برقرار رہے، اور پاکستان اس حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان ثالث اور سہولت کار کے طور پر امن عمل میں اپنا کردار جاری رکھے گا اور تہران و واشنگٹن کے درمیان رابطوں کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور اس سلسلے میں عالمی شراکت داروں سے مشاورت جاری ہے، جبکہ روس سمیت دیگر بڑی طاقتوں کی حمایت کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کی تاریخوں سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے کیونکہ ابھی تک کسی نئے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لبنان بھی جنگ بندی مذاکراتی عمل کا حصہ ہے اور وہاں مسلح کارروائیوں کا خاتمہ نہایت ضروری ہے۔ ترجمان کے مطابق حالیہ دنوں میں اسرائیل-لبنان محاذ پر بہتری کے آثار حوصلہ افزا ہیں، جو مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان میں کشیدگی میں کمی سے خطے میں استحکام آئے گا اور بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا ہوگا، جبکہ جوہری معاملہ بھی اہم موضوعات میں شامل ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا