واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں منعقدہ وائٹ ہاؤس کے میڈیا نمائندوں کے اعزاز میں عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، تاہم صدر محفوظ رہے جبکہ حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہلٹن ہوٹل میں پیش آیا جہاں تقریب میں 2 ہزار 600 سے زائد افراد شریک تھے۔ تقریب کے دوران اچانک زور دار آواز سنائی دی جس کے بعد سکیورٹی خدشات کے باعث ہلچل مچ گئی۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کی آواز سننے کے بعد سیکریٹ سروس اہلکار فوری حرکت میں آئے اور صدر ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ کئی سکیورٹی اہلکاروں نے ہتھیار سنبھال کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد متعدد شرکا میزوں کے نیچے چھپ گئے۔
رپورٹس کے مطابق حملہ آور مرکزی دروازے کے قریب میگنیٹو میٹر کی جانب بڑھا اور بال روم کے اندر ایک سیکریٹ سروس اہلکار کو نشانہ بنایا۔ زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ حملہ آور کو موقع پر ہی قابو کر لیا گیا۔
واقعے کے بعد صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کی۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور صورتحال پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار حملہ آور کی عمر تقریباً 31 سال ہے اور اس کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے بتایا جا رہا ہے، جبکہ سکیورٹی ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔






