لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق فاتح ٹیم کو خطیر رقم دی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ایونٹ جیتنے والی ٹیم کو 5 لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا، جبکہ رنر اپ ٹیم کے لیے 2 لاکھ ڈالر کی رقم مقرر کی گئی ہے۔ مزید برآں رنر اپ ٹیم کو اضافی 3 لاکھ ڈالر بھی دیے جائیں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار فاتح ٹیم کے لیے الگ سے 5 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور معیار کی عکاسی کرتی ہے۔
اس کے علاوہ بہترین پلیئر ڈویلپمنٹ پر کام کرنے والی فرنچائز کے لیے بھی 2 لاکھ ڈالر کا خصوصی انعام رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 کا فائنل پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اتوار کو کھیلا جائے گا۔
فائنل کے لیے میچ آفیشلز کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے، جن میں احسن رضا اور کرسٹوفر گیفینی آن فیلڈ امپائرز ہوں گے، جبکہ الیگزینڈر وارف تھرڈ امپائر اور آصف یعقوب فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
میچ ریفری کی ذمہ داری روشن مہاناما ادا کریں گے۔






