فیلڈ مارشل کے دورہ ایران میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایس پی آر

0
645

تہران: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مختصر مگر اہم سرکاری دورۂ ایران مکمل ہوگیا، جہاں ایرانی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کیلئے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ کیا۔

فیلڈ مارشل نے اپنے دورے کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان، پارلیمنٹ اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں خطے کی موجودہ صورتحال، کشیدگی میں کمی اور جاری سفارتی و ثالثی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقاتوں کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی میں کمی اور تعمیری روابط کو فروغ دینا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل اور مذاکرات کے فروغ کیلئے پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا